عبدالعلیم خان

معاشی ترقی و مضبوطی ہم سب کی بقا کی ضامن ، پاکستان اب مستحکم ہونے کا سفر طے کررہاہے، عبدالعلیم خان سے اراکین پنجاب اسمبلی کی ملاقاتیں

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)استحکام پاکستان پارٹی کے صدراور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی و مضبوطی ہم سب کی بقا کی اصل ضامن ہے، ترقی کرتا ہوا پاکستان 24 کروڑ عوام کے دلوں کی آواز ہے اور انشاء اللہ پاکستان اب مستحکم ہونے کا سفر طے کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے لاہور میں اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت میں اضافہ خوش آئند امر ہے اور انشاء اللہ اقوام عالم میں وطن عزیز کو پذیرائی حاصل ہوتی رہے گی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی کے دیگر مثبت اثرات کے علاوہ اس سے عام آدمی کا ریلیف بھی منسلک ہے، مہنگائی میں کمی اور دیگر مثبت اعشاریے مستحکم معیشت کی بدولت ہی ممکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو محفوظ بنانا اور دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے ہر محب وطن شہری دلی احترام کے ساتھ قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے تاکہ پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

عبدالعلیم خان سے ملاقات کرنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے وائس چیئرمین پی ایچ اے غزالی سلیم بٹ اور غضنفر عباس چھینہ شامل تھے،ملاقات کے دوران موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وفاقی وزیر نے اراکین پنجاب اسمبلی کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ممبر پنجاب اسمبلی غزالی سلیم بٹ نے این اے 117اور پی پی146میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر مشاورت کی جس پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کا دیرپا اور مستقل حل عمل میں لایا جانا چاہیے۔اسی طرح اراکین اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کے درست استعمال کو یقینی بنانا چاہیے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے غضنفر عباس چھینہ نے ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے متحرک پارلیمانی کردار پر گفتگو کی۔دونوں اراکین اسمبلی نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔