اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، تمام پاکستانی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہاکہ تمام دوست ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کے معترف ہیں، اوورسیز پاکستانیز لائق تحسین ہیں جنہوں نے پاکستان ترسیلات بھجوا کر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے، چینی کے حوالے سے لئے گئے اقدامات تاریخ میں پہلے کبھی نہیں لئے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلز ٹیکس وصولی ایک سال کے اندر 15 ارب سے 24 ارب روپے تک پہنچی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کے عوام کے مفاد میں جو بھی اقدامات کرنے ہوں گے وہ کریں گے، ایک سال کے اندر بے مثال اقدامات اٹھائے گئے، تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔