لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر ہیں، جو ایسے منفی عناصر کو جنم دیتی ہیں۔
نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے۔ نفرت انگیز تقاریرکا زہر معاشروں میں تقسیم، انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کسی ایک فرد پر حملہ نہیں ہوتیں، یہ انسانیت کے ضمیر پر وار ہوتی ہیں۔
اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے۔ مسلمانوں کی شناخت، مساجد اور گھروں کو نفرت کا ہدف بنایا جاتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نفرت کی روش امنِ عالم کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔ عالمی برادری آزادیِ اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ کرے۔ کسی کو بھی نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں محبت، برداشت اور احترام کو فروغ دیں گے۔