اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان کی مضبوط ٹیم مینجمنٹ سے متعلق کرس ووکس کے سوال کے جواب میں شان مسعود
نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں لیجنڈری کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم مینجمنٹ نے ٹیسٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں کی
کمزوریوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جو مفید ثابت ہوئی۔شان مسعود نے کرس ووکس کو بتایا کہ یونس
خان کے ساتھ ان کی دوستی دیرینہ ہے اور بطور بیٹنگ کنسلٹنٹ ان کی موجودگی میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں
سنچری اسکور کرنا ان کیلئے ایک یادگار لمحہ تھا۔انہوں نے کہا کہ وقار یونس نے نوجوان پیسرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے
ساتھ بہت کام کیا یہاں تک کہ قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے نیٹ میں ان کی بولنگ پر بھی بہت محنت کی جس کا نتیجہ
یہ ہوا کہ ساؤتھ ہمپٹن ٹیسٹ کے ایک موقع پر ان سے بھی باؤلنگ کروائی گئی۔شان مسعود نے کہا کہ مصباح الحق کی اس
نئے کردار میں موجودگی پورے اسکواڈ کی حوصلہ افزائی اور بھرپور معاونت کا سبب بن رہی ہے، اسی طرح مشتاق احمد کا انگلش ٹیم
کے ساتھ تجربہ بھی قومی ٹیسٹ ٹیم کے لیے مفید ثابت ہوا۔پاکستان کے اوپنر نے کہا کہ بائیو سیکیور ماحول ایک نیا تجربہ تھا،
جہاں موجود بہترین سہولیات میں تمام کرکٹرز بھرپور محنت کرتے نظر آئے، دورہ انگلینڈ کا آغاز ڈربی سے ہوا،
جہاں ان مشکل حالات کے باوجود ہماری میزبانی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی گئی۔