اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ مشیر خزانہ نالائق وزیراعظم کی نااہلی پر پردہ ڈال رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ مشیر خزانہ کا بیان مضحکہ خیز اور سفید جھوٹ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے چینی اور گندم کا بحران خود پیدا کیا ، سستی چینی اور گندم ایکسپورٹ کرکے امپورٹ کی گئی ، زرعی ملک میں چینی اور گندم کا مہنگا ہونا حکومت کی نالائقی ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ترین صاحب کیا پیٹرول ، گیس اور بجلی کی قیمتوں کا تعین بھی اب کورونا کیسز کے حساب سے ہو گا ، کیا ایل این جی کی خریداری میں تاخیر میں بھی کورونا رکاوٹ تھا ، انسانی زندگی بچانے والی ادویات کے مہنگے ہونے کا کورونا سے کیا تعلق ہے؟ ۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پینشن میں اضافہ نہ کرنے میں بھی کورونا کا قصور ہے ، ترین صاحب آپ خود کہتے ہیں کہ نیب کے خلاف بات کرنے پر نوٹس آتا ہے ، صدر آصف علی زرداری نے سچ کہا تھا نیب اور ملک کی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے۔