اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن) مشکوک لائسنس کی تحقیقات میں 262 پائلٹس میں سے180پائلٹس کے لائسنس کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے ، پی آئی اے کے 141پائلٹس میں سے 18 پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔ تفصیلات کے مطابق پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں ،
ذرائع ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ 262 پائلٹس میں سے180پائلٹس کے لائسنس کلیئر قرار دیئے گئے ہیں ، صرف 82پائلٹس کے لائسنس میں جعل سازی ثابت ہو ئی۔ ذرائع کے مطابق 50پائلٹس کے لائسنس کے کمپیوٹر امتحان میں جعل سازی پکڑی گئی جبکہ 32پائلٹس کے اے ٹی پی ایل لائسنس جعلی نکلے، جعلی لائسنس پر28پائلٹس کے لائسنس پہلے منسوخ کیے گئے۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی منظوری کےبعدمزید 22 پائلٹس کےخلاف کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ، پی آئی اےکے141پائلٹس میں سے18پائلٹس کے لائسنس جعلی نکلے۔
۔