اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بیجبہاڑہ قتل عام کے شہداکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداکا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا،شہدا کی قربانیاں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے مستقبل کی ضرورت ہیں۔
بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنے شہداکو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔32 سال قبل بھارتی قابض افواج نے بیجبہاڑہ میں 50 سے زائد شہریوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثالوں میں سے ایک ہے۔
اس قتل عام میں ملوث کسی ایک بھارتی اہلکار کو بھی آج تک سزا نہیں دی گئی، شہدا کے قاتلوں کو قانونی تحفظ اور حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ شہداکے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں، جو عالمی برادری کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے۔بھارت گمان کرتا رہا کہ ظلم، جبر اور قتل و غارت کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے اپنی لازوال قربانیوں، صبر اور استقامت سے بھارت کے تمام مکروہ منصوبے ناکام بنا دیئے،کشمیری عوام کو کوئی طاقت انکی زمین، شناخت اور آزادی سے دستبردار نہیں کر سکتی، کشمیری سرفروشوں کے مقدس لہو سے سینچی گئی یہ تحریک اپنے کامیاب اور باعزت انجام تک ضرور پہنچے گی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوامِ متحدہ کشمیر میں قتلِ عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کروائیں،بھارت کو اس کے جنگی جرائم پر بین الاقوامی سطح پر جواب دہ ٹھہرایا جائے۔