کابینہ 33

مشرقِ وسطیٰ کا تنازع سفارتی ذرائع سے حل کے عزم پر قائم ہے،دفتر خارجہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کے ذریعے آگے بڑھنے کے عزم پر قائم ہے۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی پالیسی کے تحت خلیجِ فارس میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے سفارت کاری اور روابط کے ذریعے آگے بڑھنے کے عزم پر قائم ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات کے عمل میں بعض امور کو صوابدید اور خاموشی کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے، ذرائع ابلاغ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں، فیصلوں اور نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔

خیال رہے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک مستقل اور واضح موقف یہ رہا ہے کہ مشرق وسطیٰ (بشمول غزہ، ایران-اسرائیل کشیدگی، اور حالیہ امریکہ-ایران) کے تمام تنازعات کا حل سفارت کاری، مذاکرات اور پرامن ذرائع سے ممکن ہے۔

واضح رہے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ، عراق، سعودی عرب اور دیگر ممالک کے ہم منصبوں سے رابطے کیے اور اجتماعی طور پر کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں