اوکاڑہ ( شیر محمد)مسیحی برادری کے زیر اہتمام دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کی سلامتی، استحکام اور بالخصوص پاک فوج کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، فیسٹیول کی قیادت معروف مذہبی رہنما پاسٹر انور فضل نے کی جبکہ اس موقع پر بشپ، پاسٹرز اور مسیحی برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، پاسٹر انور فضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے، ہم سب پاکستانی ہیں اور ایک قوم ہیں۔
پاک فوج ہماری فخر ہے اور اگر کوئی دشمن ہمارے پاکستان کے خلاف سازش کرے تو مسیحی برادری افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ ہم اپنے وطن کیحفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ وطن ہمارے شہداء کی قربانیوں سے حاصل ہوا ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس دھرتی کو محفوظ بنایا۔ آج ہمیں اپنے اتحاد، محبت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنا ہے، کیونکہ یہی یکجہتی ہماری اصل طاقت ہے.
پاسٹر انور فضل نے مسیحی برادری سے اپیل کی کہ وہ دعاؤں کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کریں بالخصوص اس وقت جب ہمارے سیلاب متاثرہ بھائی بہنیں مشکلات کا شکار ہیں، ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، ان کی مدد اور دلجوئی کرنی ہے، انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم بطور پاکستانی اپنے قدم آگے بڑھائیں اور ایک دوسرے کے لیے سہارا بنیں، فیسٹیول کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے، بین المذاہب ہم آہنگی، قومی اتحاد اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔