اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مسیحی برادری ہمیشہ سے ہماری قوم کے متنوع اور خوبصورت سماجی تانے بانے کا اہم حصہ رہی ہے۔
ایسٹر تہوار کے موقع پر پاکستانی مسیحی برادری کے نام اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ اپنے تمام مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو بھی ایسٹر کی مبارکباد اور ان کے لیے نیک تمناوَں کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ مسیحی برادری ہمیشہ سے ہماری قوم کے متنوع اور خوبصورت سماجی تانے بانے کا اہم حصہ رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ تعلیم، صحت، دفاع اور عوامی خدمت کے شعبوں سمیت ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کو اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر فخر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ شمولیت، یکجہتی اور انصاف کے اصولوں کو مقدم رکھا ہے۔
انہوںنے کہاکہ قائدِ عوام شہید بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، صدر زرداری سے لے کر آج تک، ہماری پارٹی نے ان اصولوں کو مقدم رکھا۔ چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہاکہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ایک منصفانہ، روادار اور شمولیتی معاشرے کی تعمیر کے لئے اجتماعی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
انہوںنے کہاکہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں تمام شہریوں کو ان کے عقیدے سے قطع نظر مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ بلاول بھٹو زر داری نے قوم سے اپیل کی کہ قوم اپنی صفوں میں باہمی محبت، یکجہتی اور رواداری کو فروغ دیں۔