نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے نواز شریف کو بلا مقابلہ مرکزی صدر منتخب کر لیا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو بلا مقابلہ مرکزی صدر منتخب کر لیا ۔ پارٹی کے مرکزی صدر کے انتخاب کے لئے جنرل کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا ۔جس میں آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں سے ممبران نے شرکت کی ۔

جنرل کونسل کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ خان نے صدر کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کے اجراء اور سکروٹنی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ وقت تک 10کاغذات نامزدگی موصول ہوئے جن میں نوز شریف کو بطور صدر امیدوار نامزد کیا گیا ۔ جانچ پڑتا ل میں تمام کاغذات نامزدگی ضابطے کے مطابق درست قرار پائے ۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق صدر کے انتخاب میں نواز شریف واحد امیدوار ہیںجن کے کاغذات موصول اور منظور ہوئے ۔ میں صدر کے انتخاب کے لئے کارروائی کو تائید اور منظوری کے لئے پیش کرتا ہوں کہ پاکستان مسلم (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر کے انتخاب کے لئے پارٹی آئین کے تحت عمل میں لایا گیا جس کی مکمل تائید اور منظوری دیتے ہوئے اجلاس نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا منتخب صدر قرار دیتا ہے ۔جنرل کونسل کے اراکین نے قرارداد کے حق میں نشستوں سے کھڑے ہو کر تائید کا اظہار کیا ۔