نیئر حسین بخاری

مسلم لیگ (ن )کا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے،نیئر حسین بخاری

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پیپلزپارٹی نے ( ن) لیگ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کا بیان اپنی ناکامی اور سمجھوتوں کا ملبہ پیپلزپارٹی پر ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کا حکومت کے خلاف موقف بڑا واضح ہے ن لیگ اپنی پوزیشن واضح کرے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی پر ملبہ ڈالنے کی بجائے پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی ہی دی گئی تجاویز یاد کرے،شروع دن سے کہا کہ جلد بازی کی بجائے استعفوں اور تحریک عدم اعتماد کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی اپنی نہ کوئی حکمت عملی تھی نہ ہی کوئی درست سمت،ن لیگ پارلیمان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت اور اپوزیشن لیڈر بھی ان کا ہے۔ انہوںنے کہاکہ جو سب سے بڑی جماعت ہے اسی پر لازم ہوتا ہے حکمت عملی بنانا اور لیڈ کرنا،پیپلزپارٹی پر ملبہ ڈالنے کی بجائے خود ن لیگ بتائے کہ انہوں نے تحریک سے متعلق کیا نمبر گیم مکمل کرلی ہے؟

تحریک عدم اعتماد کی بات کرنے والی ن لیگ نے تو خود حکومت کو بچانے کے لئے ایک سہولت کار کا کردار ادا کیا،جس جماعت نے پی ڈی ایم بنا کر اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کی اسی کو نوٹس جاری کرکے اتحاد میں دراڑیں ڈالی گئیں،پیپلزپارٹی پارلیمان کی بالادستی اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے سمجھوتوں اور مفادات کو نہیں دیکھتی۔
٭٭٭٭٭