اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاسی تاریخ سے ہے کہ یہ ” شیر ”صرف تب بنتے ہیں جب یہ اقتدار میں ہوں ، ماضی قریب میں نواز شریف کو ائیر پورٹ لینے جاتے ہوئے تو شہباز شریف ائیر پورٹ کا راستہ تک بھول گئے تھے،
نواز شریف کی وطن واپسی سے حکومت کوکوئی خطرہ نہیں ،وہ سزا یافتہ ہیں اور انہیں پاکستان کے عدالتی نظام کے مطابق چلناہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ائیر پورٹ پر ایک لاکھ تو کیا پانچ لاکھ لوگوں کو استقبال کیلئے لانے کی بھی یقین دہانی کر ادی جائے تو وہ فی الوقت واپس آنے کیلئے تیار نہیں ہوں گے ،
ویسے تو مسلم لیگ (ن) آئین و قانون کی بالادستی کا بڑاراگ الاپتی ہے لیکن نواز شریف کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر مکمل خاموشی ہے ۔انہوں ے کہا کہ نیب ہمارے اثر ہوتی تو ہمارے لوگوں کے خلاف انکوائریاں شروع نہ ہوتیں اور ہمارے لوگ جیلیں کاٹ کر نہ آتے ۔
نیب احتساب کا خودمختارادارہ ہے اور حکومت احتساب کے معاملے میں اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس جو حقیقت میں ” آل پارٹیز کرپشن کانفرنس ” ہے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی آدھاتیتر آدھابٹیر والی پالیسی ہے ،ابھی تو فیصلہ نہیں ہو سکا کہ اس میں شہباز شریف یا مریم نواز میں سے کون شرکت کرے گا،
ہمیں اپوزیشن کے اس اکٹھ سے کوئی خطرہ نہیں در اصل یہ اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی تدابیر کرنے کیلئے جمع ہو رہے ہیں لیکن اس کا نتیجہ صفر جمع صفر کے بعد والا صفر ہی ہوگا۔