بلاول بھٹو

مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کےساتھ تحریری معاہدے کی پاسداری نہیں کی،بلاول بھٹو

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پیپلز پارٹی کی جانب سے وفاقی بجٹ پر تحفظات سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جیالوں کو منانے کے لیے متحرک ہوگئے۔

چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے طویل ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے زرداری ہاوس اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا صرف پیپلز پارٹی کی ناراضی دور کرنا تھا۔ وزیرداخلہ نے پیپلزپارٹی کے تحفظات سنے،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کےساتھ تحریری معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

حکومت نے بجٹ کے حوالے سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی،اہم حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کے لیے پیپلزپارٹی سے تجاویز نہیں لی گئیں۔ بجٹ اجلاس سے بائیکاٹ تب ہی ختم ہو گا جب ن لیگ معاہدوں کی پاسداری کرے۔وزیرداخلہ نے تحفظات دور کرنے کےلیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے پہلے محسن نقوی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمن کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن سےان کا پچیس سالہ پرانا تعلق اور عزت و احترام والا رشتہ ہے۔