لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے مسلم لیگ (ن) لاہور سیکرٹریٹ کی جدید طرز پرتعمیر نو اور ذاتی حیثیت میں تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت میں ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہوں گی ،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد کو ترجیح دی ، ہماری قیادت نے اب بھی اپنی سیاست کی قربانی دے کر ریاست کو بچایا اور آج الحمد اللہ پاکستان ڈیفالٹ سے نکل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان اور شجر کاری مہم کے سلسلہ میں منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پارٹی کا ہر کارکن اس کا اعتراف کرتا ہے کہ پارٹی آج جس مقام پر ہے یہ ہمارے قائد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت ہے جبکہ ساری قوم معترف ہے کہ پاکستان میں جتنی بھی ترقی ہوئی ہے وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی قیادت میں ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کلائمیٹ چینج سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے جس کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔اگر ہم اپنی آئندہ نسل کی بقا ء چاہتے ہیں تو ہمیں جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا ، ہمیں اپنے ملک کو سر سبز اور شاداب بنانا ہے ،اس کے لئے ملک کے ہر شہری کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا ، عوام کی شمولیت کے بغیر حکومتیں کامیاب نہیں ہو سکتیں اس لئے سب اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اس موقع پر سیف الملوک کھوکھر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور سیکرٹریٹ کی جدید طرز پر تعمیر نو اور اس کے لئے ذاتی حیثیت میں فنڈ ز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد عمارت کی تعمیر کے لیے کام شروع کر دیا جائے گا ،اس عمارت میں ہر طرح کی سہولیات موجود ہوں گی ،تعمیر نو کے بعد کارکنوں کو گھر جیسا ماحول میسر آئے گا۔