عظمی بخاری

مسلم لیگ (ن)کل بھی متحد تھی اور آج بھی متحد ہے ، عظمی بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کل بھی متحد تھی ، آج بھی متحد ہے اور ہمیشہ متحد رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خادمہ باجی آپ ہماری تکلیف میں ہلکان ہونے کی بجائے بھان متی کے کنبے کو اکٹھا کرکے لولی لنگڑی بنائی گئی حکومت کی فکر کریں ، مسلم لیگ (ن) میں نقب زنی کرنے والے ہر دور میں رسوا ہوئے ہیں۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خادمہ جی ن سے ش نکالتے نکالتے مشرف دبئی فرار ہوگیا ہے،

شہبازشریف اپنے بھائی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے جبکہ شہبازشریف بھائی کا ساتھ دینے کی وجہ سے چار بار جیل بھی جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو دو بار وزیراعظم بننے کی آفر ملی لیکن انہوں نے وزارت عظمی کی کرسی پر نوازشریف کا ساتھ دینے کو ترجیح دی جبکہ کرائے کے گھوڑے آج نوازشریف اور شہبازشریف کا مقابلہ کرانے کی کوششیں کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف مسلم لیگ (ن) کے لئے لازم ملزوم ہیں ، تانگہ پارٹی اپنے مستقبل کی فکر کرے ،عمران خان نے آب حیات نہیں پیا ہے۔