رام اللہ (رپورٹنگ آن لائن)فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر حقیقت ہے ، فلسطینی عوام مسلسل آزادی اور خودمختاری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
چینی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات انہوں نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بناتے ہوئے مکمل خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے گا جبکہ مہاجرین کی واپسی بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور مغربی کنارے کے فلسطینی جدید تاریخ کی بدترین نسل کشی اور نسلی صفائی کی جنگ کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، اسرائیل بین الاقوامی قانون، عالمی قانونی حیثیت اور جنگ بندی معاہدوں کو مسلسل نظرانداز کر رہا ہے۔
محمود عباس نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام نہ تو ہتھیار ڈالیں گے، نہ اپنا وطن چھوڑیں گے اور نہ ہی الحاق یا جبری بے دخلی کے منصوبے قبول کریں گے۔انہوں نے قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او)کے تحت متحد ہوں جسے انہوں نے فلسطینی عوام کا واحد جائز نمائندہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف غزہ کے بغیر کوئی فلسطینی ریاست ممکن ہے اور نہ ہی صرف غزہ پر مشتمل کوئی ریاست قابل قبول ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ دوبارہ قومی قانونی دائرے میں شامل ہوگا اور فلسطینی قومی منصوبے کے ایک مرکزی حصے کے طور پر اس کی تعمیر نو کی جائے گی۔









