کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آج سے 77 سال قبل اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا تھا مگر افسوس کہ آج بھی کشمیری قوم اس بنیادی اور تسلیم شدہ حق سے محروم ہے۔
کشمیریوں کے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے جاری اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم بدستور جاری ہیں جہاں معصوم کشمیری عوام کو سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کا کردار اس اہم مسئلے پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان کی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی ہر سطح پر اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ملنا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔









