اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فوری حل ناگزیر ہے، عالمی برادری اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا جائر حق، حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کا کشمیری عوام کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے، جس پر عمل درآمد نہ ہونا عالمی برادری کے ضمیر کا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں سے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان آرٹیکلز کی منسوخی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کو سلب کرنے کی فاشسٹ مودی سرکار کی مذموم سازش ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں میں کشمیری عوام نے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور کشمیری عوام کے امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جس عزم اور حوصلے کے ساتھ بھارتی ظلم و جبر کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیری عوام اپنے مذہب، عقائد اور رسوم و رواج کے مطابق اپنی زندگیاں گزائیں گے۔