اسد قیصر

مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیاءمیں امن کا قیام ناممکن ہے، اسد قیصر

اسلا م آباد (رپورٹنگ آن لائن) یوم شہداءکشمیر کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے اپنے الگ الگ پیغام جاری کیے ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے ،کشمیر میں بھارت کے ہاتھوں شہید ہونے والے مظلوم شہداءکا خون کبھی رائیگاں نہیں جاے گا آزادی کی خاطر کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیاءمیں امن کا قیام ناممکن ہے ۔

گزشتہ 11 ماہ سے کشمیر میں بھارت کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے جبری لاک ڈاو¿ن جاری ہے ۔کشمیر میں گزشتہ 72 سالوں سے ہزاروں ماو¿ں کے جگر کے ٹکڑے ان سے چھینے جا چکے ہیں مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی عصمت دری کے واقعات پر انسانی حقوقِ کی عالمی تنظیموں کی خاموشی افسوس ناک ہے بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت نے اپنے ہاتھ ہزاروں کشمیری شہداءکے خون سے رنگے ہوئے ہیں

کرفیو کے باعث کشمیری عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی روزمرہ کی اشیائ خوردونوش کی کمی کا سامنا ہے ۔خوراک اور ادویات کی قلت کی وجہ سے لاکھوں انسان کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔عالمی برادری کو کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نا ہونے کی وجہ سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلدل میں پھنس سکتا ہے خطے کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ بھارت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے دباو ڈالے۔

پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت اور اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گا۔ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جد و جہد کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھارتی افواج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے متعدد قراردادیں منظور کیں ہیں کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ جدید معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے ۔

جبکہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری
نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا کشمیری بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع ملے گا پاکستانی حکومت اور عوام اس مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بہین بھائیوں کے ساتھ ہیں