ملتان (رپورٹنگ آن لائن)قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ مزید ٹیسٹ میچز کھیلنا چاہتے ہیں، فارمیٹ مختلف ہے، ٹیسٹ میچز میں وقفے کے باعث مختلف چیلنجز آتے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز بہت اہم ہے، بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ٹیسٹ میچز میں بطور کپتان اپنی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی کوشش ہوتی ہے کہ انفرادی اور مجموعی طور پر وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے، ہم بہت سارے میچز قریب آکر ہارے ہیں، ہماری ٹیم کو ایسے میچز کو جیتنا ہوگا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف (آج) جمعہ کو ہونے والے ٹیسٹ میچ کی کنڈیشنز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مخالف ٹیم کو دیکھتے ہوئے فاسٹ اور اسپن باؤلرز کا تعین کیا جائے گا۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیموں کے لیے زیر غور نئے سسٹم ( دو طبقاتی فارمیٹ) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے فیصلہ کرنا پالیسی بنانے والوں کا کام ہے لیکن بطور کھلاڑی ہماری خواہش ہے کہ مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں، فارمیٹ مختلف ہے، ٹیسٹ میچز میں وقفے کے باعث مختلف چیلنجز آتے ہیں۔
قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ ہر کرکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ سائیکل کے ختم ہونے سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نمایاں اہمیت کی حامل ہے۔شان مسعود نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاکہ غیر ملکی دوروں پر بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں.
پاکستان کے لیے کھیلنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، کوشش ہے جس فارمیٹ میں بھی کرکٹ کھیلوں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔انہوں نے کہا کہ پلیئنگ الیون کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں کیا، کوشش یہی ہوگی کہ ایسی ٹیم میدان میں اتاریں جو ہمیں میچ جتوائے، ہمارے پاس 20 سے 25 کھلاڑیوں کا ایک اسکواڈ موجود ہے، یہاں کنڈیشنز مختلف ہیں اس لیے محمد عباس کو آرام دیا گیا ہے۔