پشاور(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ عالمی یوم مزدور کے موقع پر وزیر اعلی محمود خان نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ کئے بغیرترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
محمود خان نے کہا کہ قومی ترقی اورخوشحالی میں محنت کش طبقے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، یوم مئی قومی ترقی میں محنت کش طبقے کی اہمیت اور کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا صوبائی حکومت اپنے منشور کے مطابق صوبے میں محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کا تحفظ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، محنت کشوں خصوصا کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے موثر قوانین سازی کر رہے ہیں۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صنعتی تربیت کے اداروں اور صنعتوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرکے صنعتوں کے لئے درکار تربیت یافتہ افرادکی تیاری کا اہتمام کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت محنت کش افراد کیلئے روزگار کے باعزت اور پرکشش مواقع فراہم کر رہی ہے۔