سیر و سیاحت

مری میں سیر و سیاحت کی غرض سے جانے والے سیاحوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا

مری(رپورٹنگ آن لائن) ملکہ کوہسار مری میں کورونا لاک ڈاﺅن خاتمے کے بعد سیر و سیاحت کی غرض سے جانے والے سیاحوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جانے لگا، ہوٹل مافیا نے من مانے ریٹ مقرر کر دئیے،

تفصیلات کے مطابق عید الضحیٰ کے بعد مری جانے والے سیاح ہوٹل مافیا کے ہاتھوں لٹنے لگے، انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی، ذرائع کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں فائیو سٹار ہوٹل انتظامیہ نے ہوٹل پارکنگ اور انٹری فیس کے نام پر جگا ٹیکس لگا دیا، مجوزہ فائیو سٹار میں ریفریشمنٹ اور کھانا کھانے کی غرض سے جانے والے سیاحوں سے ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل میں داخل ہونے والے ہر شخص سے فی کس1 ہزار روپے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ ہوٹل کی کار پارکنگ میں انٹری فیس کے نام پر200 روپے علیحدہ سے وصول کئے جا رہے ہیں ،

ذرائع کے مطابق فائیو سٹار ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے فی کس ایک ہزار روپے وصول کرنے کے بعد اسے بتاےا جاتا ہے کہ اس فیس کو ریفرشمنٹ میں ایڈ کر دیا جائے گا جبکہ مجوزہ ہوٹل جانے والے کلائنٹ کی جانب سے چائے مانگے جانے پر اسے بتایا جاتا ہے کہ چائے دن 11 بجے سے پہلے نہیں ملے گی ، ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے پارکنگ فیس اور انٹری فیس کے نام پر جگا ٹیکس وصول کئے جانے کے باوجود مری کی انتظامیہ بے بس دکھائی دیتی ہے،

تا حال ملکہ کوہسار مری کی انتظامیہ کی جانب سے مجوزہ فائیو سٹار ہوٹل انتظامیہ کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس پر فائیو سٹار ہوٹل انتظامیہ کی لوٹ مار کے خلاف مری جانے والے سیاحوں نے شدیا احتجاج کرتے ہوئے مری کی انتظامیہ سے فی الفور کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیر و سیاحت کی غرض سے مری جانے والے سیاحوں کو ہوٹل مافیا کے ہاتھوں لٹنے سے بچایا جائے۔