رانا ثناء اللہ 19

مریم نواز’’عثمان بزدار‘‘ نہیں بی آئی ایس پی ڈیٹا پر شدید اعتراضات ہیں،رانا ثنااللہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی،پنجاب پر پانی چوری کے الزام کا جواب وزیراعلیٰ پنجاب نہیں دیں گی تو کون دے گا؟ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تو نہیں ہیں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا پر شدید اعتراضات ہیں ، ڈیٹا کی تصدیق کے بعد اس میں تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔ایک انٹر ویو میں رانا ثنا نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ نہیں لیکن حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے ، اختلافات کے باوجود دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ ایک دوسرے کا احترام کیا جائے گا اور سخت زبان سے گریز کیا جائے گا۔

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)دونوں کی اپنی پالیسی، سوچ اور نکتہ نظر ہے اور کوئی ایک دوسرے کی پالیسی کا پابند نہیں،ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے پانی کے معاملے پر کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا، خاص طور پر یہ سوال اٹھایا گیا کہ میرا پانی، میری مرضی جیسے جملے کیوں کہے گئے ؟۔

پانی پاکستان کا اجتماعی اثاثہ ہے اور آئینی فارمولا کے تحت اس کی تقسیم ہوتی ہے ، وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز نے صرف پنجاب کے حصے کے پانی کی بات کی تھی کسی دوسرے صوبے کے حصے پر کوئی دعویٰ یا تجاوز نہیں کیا ،پنجاب کے پانی کو ہم جہاں استعمال کریں، یہ ہمارا حق ہے ، اگر ہم اپنی نہر بنائیں تو یہ آئینی حق کے تحت ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں