لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے نگران حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم روکنے کیلئے دفعہ 144کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں نگران حکومت نہیں بلکہ پی ڈی ایم کی بی ٹیم فرائض سر انجام دے رہی ہے ، پی ٹی آئی کے کارکن علی بلال کی شہادت کے بعد حکمران ٹولے کے بدلتے بیانات ثابت کرتے ہیں کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ ساری دال ہی کالی ہے ، ان کے چہروں سے عیاں ہونے والے خوف سے اصل کہانی سامنے آ چکی ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بی ٹیم اور پولیس افسران کے تضاد سے بھرپور بیانات سے ثابت ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن کے قتل کو حادثہ قرار دینے کا اسکرپٹ کامیاب نہیں ہو سکا ، پی ٹی آئی کے کارکن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،یہی قربانی رنگ لائے گی اور ملک میں حقیقی آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولہ جو مرضی کر لے عام انتخابات کے بعد احتساب کے شکنجے کی گرفت کمزور نہیں پڑے گی ، عمران خان کا واضح موقف ہے کہ اگر پی ٹی آئی احتساب کے عمل سے پیچھے ہٹ جاتی ہے تو ہماری طویل جدوجہد کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں ، مریم صفدر سرکاری وسائل کے بل بوتے پر ورکرز کنونشن کے ذریعے پارٹی کے مردہ سیاسی گھوڑے میں جان ڈالنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔