شہباز گل

مریم صاحبہ عورتوں کو حقوق دلوانے نکلی تھیں، پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت نہیں دی، شہباز گل

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان و معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم صاحبہ عورتوں کو حقوق دلوانے نکلی تھیں، پی ڈی ایم نے عورتوں کو جلسے میں آنے کی اجازت نہیں دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان و معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کے خواتین کے خلاف بیانات ریکارڈ پر موجود ہیں۔شہباز گِل کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کیا سوچتی ہے میڈیا کو بتائے، 2018ء سے پی ڈی ایم نے کئی تحریکیں چلائیں، جو سب ناکام ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت میں مریم نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو منہ بولا بھائی بنایا، ان کے ساتھ کیا ہوا سب کو معلوم ہے۔وزیرِ اعظم کے ترجمان نے کہا کہ مریم نواز میٹنگ میں بیٹھ کر عورتوں کے حقوق سلب کرنے پر خاموش رہیں، آزاد کشمیر میں انہیں عبرت ناک شکست ہوئی۔