لاہور( رپورٹنگ آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے مریم صفدرنے سانحہ مچھ پر بھی سیاست کا تڑکا لگانے سے گریز نہیں کیا ،مریم بی بی آپ پانچ روز سے متاثرین کے غم سے بے خبر ریلیاں نکالنے میں مصروف تھیں اور اب آپ کو والد کے کہنے پر تعزیت کیلئے جانا یاد آ گیا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آپ کو متاثرین کا درد ہوتا تو سیاسی پروگرام ملتوی کر دیتیں اورشاپنگ مالز میں نہ جاتیں،متاثرین بھی جانتے ہیں آپ اپنی سیاست چمکا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر گورنر سندھ ،وزیر داخلہ ،ڈپٹی سپیکر اور دیگر شخصیات متاثرین کے پاس گئے اور ان کے دکھ میں شریک ہوئے،وزیر اعظم عمران خان بھی بہت جلد سانحہ مچھ کے متاثرین کے پاس جا کر تعزیت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم بی بی آپ اپنے سیاسی مفادات کیلئے ملک میں نفاق ڈالنا چاہتی ہیں اور ایسی سازش کرنا ملک کی خدمت نہیں ہے ۔