اسلام آباد(رپورٹنگ آ ن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جڑانوالہ میں چرچ بے حرمتی، مسیحیوں کے گھر جلانے کے واقعے کی شدید مذمت، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کے لئے یہ واقعہ باعث افسوس، قابل مذمت اور باعث ندامت ہے ،پنجاب حکومت واقعے کا فوری نوٹس لے کر قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کی گرفت میں لائے ۔
اپنے بیان میں سابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ مقامی آبادی کو تحفظ دیاجائے، جلائے جانے والے چرچ اور گھروں کی بحالی یقینی بنائی جائے ۔ سابق وزیر نے کہاکہ قیام پاکستان اور دفاع پاکستان میں مسیحی برادری نے اہم کردار ادا کیا، قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ سانحہ 9 مئی کے مجرموں، منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو سزا مل گئی ہوتی تو جڑانوالہ جیسے سانحے نہ ہوتے۔ انہوںنے کہاکہ 9 مئی کو مساجد، سکول، ایمبولینسز، جناح ہاؤس سمیت سرکاری عمارتوں کو جلایا گیا، شہدا، قومی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ۔
انہوںنے کہاکہ جس ملک میں 9 مئی جیسے سیاہ واقعات کرنے والوں کی پزیرائی کی جائے، ان کے مجرمانہ فعل کی تاویلیں گھڑی جائیں اور خیرمقدمی جملے کہے جائیں، وہاں شرپسنداور فسادیوں کا بے قابو ہونا فطری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج ملک میں نفرتوں کی آگ بھڑکانے اور لگوانے والے کردار عمران خان کے لئے سوچنے کا دن ہے کہ اس نے معاشرے میں جو زہر گھولا تھا، وہ کیا تباہی لا رہا ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ بطور مسلمان اور پاکستانی مسیحی برادری سے معذرت اور یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔
سابق وزیر نے کہاکہ یہ واقعات قومی ندامت اور شرمندگی کا باعث بنتے ہیں، عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو داغدار کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کسی شہری کے کسی حق یا کسی قانون کی خلاف ورزی ہو تو قانون کا راستہ اپنانا لازم ہوتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہر کوئی قانون ہاتھ میں لے گا تو معاشرہ جنگل بن جائے گا ،جڑانوالہ اور 9 مئی کے واقعات پورے معاشرے کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔