مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب کا اگلے برس کو آبادی کی مینجمنٹ کا سال قرار دینے کا مطالبہ

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اگلے برس کو آبادی کی مینجمنٹ کا سال قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبادی میں اضافہ پاکستان کے لئے ابھرتے ہوئے بڑے چیلنج کا باعث ہے ،تیزی سے بڑھتی آبادی اور کم ہوتے وسائل دونوں یکساں نوعیت کے خطرات ہیں ،آبادی میں اضافہ جبکہ وسائل اور آمدن میں کمی پاکستان کے لئے پریشان کن اورتشویشناک صورتحال ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا آبادی میں اضافے کی رفتار کے مقابلے میں پاکستان کا جی ڈی پی گروتھ نہ ہونے کے برابر ہے جو قومی ترقی کو حقیقت میں منفی دکھارہا ہے ،سیاسی تقسیم سے بالا تر ہوکر اس اہم مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ،2022 کو پاپولیشن مینجمنٹ کا سال قرار دیا جائے اور اتفاق رائے سے پالیسی کو بہتر بنایا جائے ۔ انہوںنے کہا آبادی میں اضافے سے فوڈسکیورٹی اور دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کا قومی سطح پر ادراک کرنا ہوگا ، پارلیمنٹ کی سطح پر آبادی سے متعلق اہم معاملے کو مرکزی اہمیت دینے کی ضرورت ہے ،آبادی کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ،جاب سکیورٹی،صحت سمیت دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں ،اس معاملے پر لوکل گورنمنٹ کی سطح تک مین سٹریمنگ کی ضرورت ہے،پارلیمان، گورنمنٹ، سول سوسائیٹی، اور میڈیا کو مل کر اِس اہم قومی مسئلہ پہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔