ہمایوں اختر خان

مریدوالا انٹرچینج پر جلد کام شروع ہونے کی خوشخبری سنائیں گے’ ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ/ماموں کانجن(رپورٹنگ آن لائن )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حلقے کی دہائیوں کی محرومیاں دور کرنے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں ، مریدوالا انٹرچینج پر جلد کام شروع ہونے کی خوشخبری سنائیں گے.

جو وعدے کئے ہیں ان شا اللہ عوام انہیں بتدریج پورا ہوتا دیکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97کے دورہ کے دوران ملاقاتوں کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تحصیل بنائو تحریک ماموں کانجن کے بانیان چوہدری محمد رضوان کاہلوں اور چوہدری محمد عثمان کاہلوں کی جانب سے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان کے اعزاز میں افطار ڈنر بھی دیا گیا۔اس موقع پر شرکاء کی جانب سے علاقے کی ترقی کیلئے کاوشیں کرنے پر ہمایوں اختر خان اور ان کے ساتھیوں کی محنت پر ان سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم نے حلقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اس کی تعمیر و ترقی بھی کرنی ہے .

اس کے لئے متعلقہ شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہمارے لئے عہدے اہمیت نہیں رکھتے ، ہم نے اس کے بغیر بھی عوام کی خدمت کی ہے اور کر رہے ہیں ۔این اے 97پسماندہ ترین حلقہ ہے ، ہم اس حلقے کی محرومیاں دور کرنے کیلئے پر عزم ہیں اور اس کے لئے اپنی استعداد سے بڑھ کر کوششیں کر رہے ہیں ۔ حلقے کی عوام سے رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے سیاسی دفاتر قائم کئے گئے ہیں ، ان شا اللہ اس سلسلے کو مزید وسیع کیا جائے گا۔