کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یوم مرگی (پرپل ڈے )کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مرگی ایک قابلِ علاج اعصابی بیماری ہے اور اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرگی کے مریضوں کے خلاف معاشرتی تعصب اور منفی رویوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، تاکہ متاثرہ افراد باوقار زندگی گزار سکیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت مرگی کے مریضوں کو معیاری اور مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بروقت تشخیص اور باقاعدہ علاج سے مرگی کے مریض معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں، لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ اس بیماری سے متعلق توہمات اور غلط فہمیوں سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرپل ڈے منانے کا مقصد مرگی سے متعلق عالمی سطح پر آگاہی کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں نیورولوجسٹ اور ضروری ادویات دستیاب ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب کو مل کر ایک صحت مند اور مرگی سے آگاہ سماج کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔









