لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی 2025 سیزن میں کراچی کے مرزا سعد بیگ نے ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا۔
پاکستان انڈر 19کی آئی سی سی ورلڈ کپ میں قیادت کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر نے بطور اوپنر کراچی بیلوز کیلئے 10میچ کھیلے۔ 19اننگز میں ایک بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے، 55.55 کی اوسط سے 1000رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر نے سیزن میں 1480گیندوں پر چار سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنائیں، مرزا سعد بیگ نے اس دوران 135چوکے اور 13چھکے لگائے۔ قذافی اسٹیڈیم میں سیالکوٹ کے خلاف فائنل سے پہلے 9 میچوں کی 17 اننگز میں 930رنز بنائے تھے.
فائنل کی پہلی اننگز میں سعد بیگ نے 39 اور دوسری اننگز میں 31رنز بنائے اور قائد اعظم ٹرافی کی تاریخ میں ہزار رنز بنانے والے چھٹے بیٹسمین بن گئے۔قائد اعظم ٹرافی 10ـ2009 میں کراچی بلیوز کے اسد شفیق نے گیارہ میچوں میں 1104، ملتان کے نوید یاسین نے 10میچوں میں 1055رنز بنائے۔ 17ـ2026 میں کامران اکمل نے واپڈا کیلئے 9 میچوں میں 1035رنز اسکور کیے۔ 21ـ2020 میں خیبرپختونخوا کیلئے کامران غلام نے گیارہ میچوں میں ریکارڈ 1249رنز بنائے اور 23ـ2022 میں نارتھ پنجاب کیلئے محمد حریرہ نے گیارہ میچوں میں 1024رنز اسکور کیے تھے۔









