لاہور(رپورٹنگ آن لائن)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل قائمہ کمیٹی برائے مذہبی سیاحت کے وفد نے نائب صدرو ریجنل چیئرمین چوہدری محمد سلیم بھلر کی قیادت میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاس لاہور میں ملاقات۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی کی مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے کانفرنس کے انعقاد کی تجویز بہت اچھی ہے۔کانفرنس کا انعقاد مذہبی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ایف پی سی سی آئی کی طرف سے نشاندہی کردہ حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے گا۔ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین چوہدری محمد سلیم نے رحیم یار خان میں مندر پر حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اسلام،امن،بھائی چارے اور برداشت کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر ہم لاکھوں ڈالر زر مبادلہ کما سکتے ہیں اور اپنی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے وفد نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے حوالے سے گورنر پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں تاریخی مساجد،مزارات،گوردواروں، مندروں اور گرجا گھروں میں سیاحوں کے لیے بنیادی ضرورت زندگی کا فقدان ہے۔سٹرکوں،صاف پانی،تجاوزات کی وجہ سے زائرین کو مشکلات کا سامنا کر پڑتا ہے۔ مذیبی سیاحتی مقامات پر قیام گاہ اور ریستوران نہیں ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ مذہبی سیاحتی مقامات کے قریب بین الاقوامی معیار کے ریسٹ ہاسز اور ریستوران بنائے جائیں۔