ملک محمد احمد خاں 33

مدارس کو شدت پسندی کے تناظر میں دیکھنے کا رجحان مسترد ،مدارس امن، رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام ہیں’ملک احمد خاں

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے مدارس کو شدت پسندی کے تناظر میں دیکھنے کے رجحان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس امن، رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام ہیں،حکومت پنجاب نے مدارس کے لیے فنڈنگ میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاہم ابھی مزید توجہ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں زلمی مدرسہ لیگ پنجاب کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور زلمی فانڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں عباس زلمی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ و اساتذہ سے مل کر دلی خوشی ہوئی۔ سپیکر نے سوال اٹھایا کہ اگر مدارس کو مین اسٹریم میں لایا جا رہا ہے تو کیا یہ کوئی گناہ ہے؟۔ بدقسمتی سے مدارس نے وہ کردار ادا کیا جو ریاست کو ادا کرنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، حکومت پنجاب نے تعلیمی بجٹ میں تین گنا اضافہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ مدارس کے طلبہ کو بھی برابری کی بنیاد پر تعلیمی اور کھیلوں کے مواقع میسر آنے چاہئیں تاکہ وہ جدید اکیڈمیز کے ذریعے ڈاکٹر، پروفیشنل اور باصلاحیت شہری بن سکیں۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ طلبہ عالمِ دین بنیں یا کسی اور شعبے کا انتخاب کریں، ریاستی وسائل ان کی دسترس میں ہونے چاہئیں، جن میں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی )کی تعلیم اور کھیلوں کی سہولیات شامل ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پندرہ وفاق المدارس کی ٹیموں کی شرکت کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ ہم سب مل کر ایک خوبصورت گلدستہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کو قومی دھارے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب نے مدارس کے لیے فنڈنگ میں نمایاں اضافہ کیا ہے تاہم ابھی مزید توجہ اور سرپرستی کی ضرورت ہے۔ سپیکر نے مدارس کو شدت پسندی کے تناظر میں دیکھنے کے رجحان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مدارس امن، رواداری اور ہم آہنگی کا پیغام ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے اسکولوں میں دو ہزار اسپورٹس گرانڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں جو نجی تعلیمی اداروں اور مدارس کے لیے بھی کھلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مدرسہ، اسکول یا یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والا ہر نیا ٹیلنٹ قومی سطح پر آگے لایا جائے گا اور حکومت پنجاب کھیلوں کے ذریعے ارشد ندیم جیسے عالمی ہیروز پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی نے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب مدارس کی رجسٹریشن کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لا رہی ہے تاکہ اساتذہ اور طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مدارس کے بچوں کی کھیلوں میں شرکت کو مثبت سرگرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل تربیت، نظم و ضبط اور صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں، جبکہ مدارس کے طلبہ کھیلوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد نے کہا کہ جامعہ پنجاب کے وسائل طلبہ کے لیے حاضر ہیں اور انہیں خوشی ہے کہ یونیورسٹی کے گرانڈز مدارس کے طلبہ کے کام آئے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ پنجاب مستقبل میں بھی طلبہ کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں