بارش

مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، بجلی کی فراہمی معطل‘ نظام زندگی درہم برہم ہو گیا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)شہر قائد کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بجلی کی فراہمی معطل‘ نظام زندگی درہم برہم ہو گیا‘بارش کی وجہ سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا تاہم نکاسی آب کا کام جاری رہا ‘کراچی سے مختلف شہروں کو جانے والی ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنز کی 10 پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہوگئیں‘چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا طیارہ لاہور کیلئے روانہ نہ ہوسکا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے 7 جنوری تک جاری رہے گا۔ رپورٹس کے مطابق گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، صدر، کلفٹن، سلطان آباد اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ ائیرپورٹ حکام کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا دورہ لاہور بھی متاثر ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بارش کے باعث بلاول بھٹو زرداری کا طیارہ کراچی سے روانہ نہیں ہوسکا، انہوں نے لاہور میں پارٹی اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہونا تھا۔ذرائع کے مطابق پرواز میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ روانہ ہونا تھا تاہم موسم بہتر ہونے پر بلاول بدھ کو کراچی سے خصوصی طیارے میں لاہور روانہ ہونگے۔واضح رہے کہ کراچی میں رات گئے ایک بار پھر شہر بھر میں تیز اور متعددعلاقوں بارش ہونے سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔