کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور خیبر پختنونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ احتجاج کے حوالے سے مختلف آپشنز زیر غور ہیں.
ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی جو بھی حکم دیں گے، اس پر عمل کریں گے، عمران خان سے ملاقات ہوگی تو شیر افضل مروت کے پارٹی میں واپسی کے حوالے میرٹ پربات کروں گا۔
نجی ٹی وی پروگرام سےگفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ فوادچوہدری کو پی ٹی آئی قیادت پر تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی، ہر انسان میں غلطیاں یا خامیاں ہوسکتی ہیں، بانی پی ٹی آئی کی قیادت سے مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اختلافات چلتے رہتے ہیں، ہر بندے کو پارٹی میں آگے بڑھنے کا بھی موقع ملتا ہے، جس پر بھی عمران خان کا ہاتھ ہوگا، پارٹی کارکن اس کے ساتھ ہوں گے۔
جنید اکبرخان نے کہا ہے کہ ہماری تیاری پوری ہے، مختلف جماعتوں سے بات چیت اور میٹنگز جاری ہیں، ہوسکتا ہے عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر احتجاج کرنے کے لئے نکلیں، اسلام آباد یا کے پی میں احتجاج کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔