فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن) محکمہ صحت نے موسم برسات کے دوران اسہال، ہیضہ ، یرقان جیسی مہلک امراض کے پھیلاؤ سے بچنے کیلئے عوام الناس سے فوری طور پر احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد کی ہدائت کی ہے ۔
محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے کہا کہ بارشوں کے دوران پانی کو اچھی طر ح ابال کر پینے کیلئے استعمال کیا جائے ، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھو لئے جائیں، کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھا جائے ، باسی و گلے سڑے اور کچے پھل و سبزیاں ، کھلے مشروبات ، رنگ دار گولے و قلفی اور دیگر غیر معیاری بازاری اشیاء کھانے سے گریز کیا جائے اور گھر کے اندرونی و بیرونی ماحول کو صاف ستھرا رکھاجائے ۔
انہوں نے کہا کہ اسہال کی صورت میں نمکو ل کا کثرت سے استعمال کیا جائے ، دستوں کی صورت میں نرم غذا کھانے، پینے والی اشیاء کے زیادہ استعمال سمیت فوری طور پرقریبی ماہر طب و کوالیفائیڈ میڈیکل افسر سے رابطہ کیا جائے تاکہ کسی ناگہانی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
