اوکاڑہ
( شیر محمد)تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سنگین سماجی و معاشی اثرات سے نمٹنے، عوامی شعور کی بیداری اور شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے لیے محکمہ صحت و آبادی کے زیرِ اہتمام فاطمہ جناح پارک میں ایک روزہ “ایجوکیشنل فیملی میلہ” کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا مقصد پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت شہریوں کو چھوٹے خاندان کی اہمیت اور صحت مند طرزِ زندگی کی جانب راغب کرنا تھا، میلے کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے کیا، جبکہ ضلعی آفیسر پاپولیشن ویلفیئر چوہدری عاصم ہدایت اور تحصیل پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ارسلان اسحاق نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا، تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر سلیم، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر عادل رشید، ڈرماٹالوجسٹ ڈاکٹر ولید اسلم اور ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر محمد بخش نے بطور خاص شرکت کی،
اس کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور فیملیز کی بڑی تعداد اپنے بچوں کے ہمراہ میلے میں شریک ہوئی، میلے میں صحت مند ماؤں اور بچوں کے مقابلے ہوئے اور میوزیکل چیئر، رسہ کشی، جھومر، ملی نغموں اور قوالی نائٹ سے شرکاء کو محظوظ کیا گیا، پوسٹر ڈیزائننگ، کوئز پروگرامز، ہینڈی کرافٹس اور فوڈ سٹالز بھی میلے کی رونق بڑھاتے رہے،
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن برقرار رکھنا ہی آنے والی نسلوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے، ضلعی آفیسر چوہدری عاصم ہدایت نے زور دیا کہ بے ہنگم آبادی سے بچنے کے لیے ہر شہری کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا، میلے کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔








