لاہور(رپورٹنگ آن لائن) سکو ل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب اور یونیسیف کے اشتراک سے پہلی مرتبہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران تدریسی کیمپس کے انعقاد کے منصوبے نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ،پنجاب کے پانچ اضلاع میں جاری 2050 کیمپس میں 80 ہزار سے زائد طلبا ء کی رجسٹر یشن جبکہ ان کیمپس کے توسط سے 22 ہزار آئوٹ آف سکول بچوں کی بھی سکولوں میں واپسی ممکن ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ”ٹرانسفارمیشن ان ایکسیس ،لرننگ ، ایکویٹی اینڈ ایجوکیشن مینجمنٹ(TALEEM)پروگرام کے تحت پنجاب کے پانچ اضلاع بہاولپور ،ڈیرہ غازی خان، میانوالی، مظفر گڑھ اور رحیم یار خانبچوں کو انگریزی، اردو اور ریاضی کے بنیادی تصورات سے روشناس کروانے کے لیے منصوبے کے تحت کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
منتظمین کی بھر پور کاوشوں سے اس منصوبے کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جس میں آئوٹ آف سکول بچوں کی واپسی کو بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے ۔پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلی مینٹیشن یونٹ کے پروگرام ڈائریکٹرمحمد فاروق رشید کی جانب سے کیمپس میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف اضلاع کے دورے جاری ہیں ۔ انہوں نے بچوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی کامیابی کیلئے عوام میں آگاہی پھیلانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔