محکمہ زراعت

محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے زرعی ادویات کے کاروبار کےلئے تربیتی پروگرام کا شیڈول جاری کر دیا

لاہور(ویب ڈیسک )محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ نے زرعی ادویات کے کاروبار کےلئے تربیتی پروگرام کا شیڈول جاری کر دیا۔ شیڈول کے مطابق تربیتی پروگرام کےلئے درخواستیں 15اکتوبر سے 28اکتوبر تک وصول کی جائیں گی، جس کے بعد فریش کلاسز کا آغاز یکم نومبر سے ہو گا، جس میں 15روز کی ٹریننگ دی جائے گی۔تجدید شدہ سرٹیفکیٹس کےلئے کلاسز 16سے 18نومبر تک ہوں گی، جبکہ محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی جانب سے تجدیدی فیس 3630روپے، نئے سرٹیفکیٹ کی فیس 7260روپے مقرر کی گئی۔
محکمہ زراعت
ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ فقیر محمد نے کہا کہ زرعی ادویات کے کاروبار کےلئے 15روزہ تربیت لازم ہے، پیسٹی سائیڈز کی تربیت نہ ہونا اور سرٹیفکیٹ کے بغیر کاروبار کرنا جرم ہےزراعت اور کسان کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

زرعی ادویا ت کا کاروبار کرنے کے خواہشمند افراد متعلقہ تحصیل میں محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کے دفاتر سے رجوع کر کے درخواستیں جمع کروا کر ٹریننگ میں حصہ لیں اور ٹریننگ سرٹیفکیٹ کے بعد کاروبار کا آغاز کریں۔

پیسٹ وارننگ ڈائریکٹوریٹ کسی صورت بھی لائسنس کے بغیر کاروبار کی اجاز ت نہیں دیتا اور بغیر لائسنس کاروبار کرنے والے سینکڑوں افراد کی دوکانوں کو سربمہر کیا جا چکا اور مقدمات کا اندارج بھی کروایا گیا، کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔