اوکاڑہ ( شیر محمد)دیپالپور میں محکمہ زراعت (توسیع) کے دو فیلڈ اسسٹنٹس، محمد امین کاشف اور محمد احمد کی اچانک و مبینہ طور پر بلاجواز معطلی پر محکمانہ عملے میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے معطلی کے خلاف بطور احتجاج تمام فیلڈ اسٹاف نے قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے فیلڈ سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
فیلڈ اسسٹنٹ ایمپلائز یونین کے صدر اللہ یار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنتی اور فرض شناس فیلڈ اسسٹنٹ کے بغیر کسی انکوائری اور ٹھوس جواز کی معطلی نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ محکمانہ کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر معطل شدہ فیلڈ اسسٹنٹس کو بحال نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ دیپالپور سے نکل کر پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سیکرٹری زراعت اور وزیر زراعت پنجاب سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جائے تاکہ محنتی ملازمین کا اعتماد بحال ہو اور محکمانہ کام بھی متاثر نہ ہو۔
یونین عہدیداران اور ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ ادارے کی بہتری اور زراعت کی ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں لیکن ایسے یکطرفہ اقدامات سے ان کے حوصلے پست کیے جا رہے ہیں۔
 
                     
		 
				 
				 
				 
				 
				