محکمہ اینٹی کرپشن

محکمہ اینٹی کرپشن نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں میگا کرپشن کا سراغ لگا لیا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن ) محکمہ اینٹی کرپشن نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں میگا کرپشن کا سراغ لگا لیا،بلیو ورلڈ سٹی راولپنڈی کے مالک سعد نذیر اور چوہدری ندیم اعجاز سمیت راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیاگیا،عالمی شہرت یافتہ ترکی ڈرامہ ارطغرل غازی کے مرکزی کردار آنگین التان ہائوسنگ سوسائٹی کے برینڈ ایمبیسڈر ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن گوہر نفیس کی ہدایت پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کنول بتول نقوی نے میگا کرپشن کیس کی تحقیقات کیں۔ تحقیقات کے مطابق ہائوسنگ سوسائٹی غیر رجسٹرڈ اور غیر منظور شدہ ہے،بلیو ورلڈ ہائوسنگ سوسائٹی نے 1172 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے،بلیو ورلڈ سوسائٹی 1137 کنال وفاقی جبکہ 35 کنال 10 مرلہ صوبائی حکومت کی زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر کے سوسائٹی میں شامل کر چکی ہے۔ بلیو ورلڈ سوسائٹی غیر قانونی طور پر پلاٹنگ کر کے سرکاری زمین بھی بیچ رہی ہے۔

،سوسائٹی کی منظوری سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کرکے سادہ لوح عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق سوسائٹی کے مالکان نے ضلعی انتظامیہ ، متعلقہ پٹواری اور راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔محکمہ اینٹی کرپشن نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جمشید آفتاب ، ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر مئیو سمیت سات افراد پر بھی مقدمہ درج کر لیاہے۔