محمد عامر 10

محمد عامر نے بھارتی اوپننگ بیٹر ابھیشک شرما کو سلاگر قرار دے دیا

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ہونے والے ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل بھارتی اوپننگ بیٹر ابھیشک شرما کو سلاگر قرار دے دیا۔

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2026ء میں پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے محمد عامر نے ابھشیک شرما کے کھیل پر کھل کر اظہارِ خیال کیا اور ان کی تکنیک پر سوال اٹھا دیے۔محمد عامر نے کہا کہ اب تک جو کچھ میں نے دیکھا ہے، اس کے مطابق ابھیشک شرما ایک سلاگر دکھائی دیتے ہیں جو ہر گیند کو مارنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر گیند بلے پر لگ جائے تو ٹھیک، ورنہ ناکامی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے شرما کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ 8 اننگز میں سے شاید ایک میں بڑی اننگز کھیلیں جبکہ باقی میچز میں 10، 15 یا 20 رنز تک محدود رہتے ہیں۔عامر کے مطابق ان کی بیٹنگ میں مضبوط تکنیک نظر نہیں آتی بلکہ انداز ایسا ہوتا ہے جیسے صرف گیند ملے اور زور سے شاٹ کھیلا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کا دن ہو تو وہ کسی بھی ٹیم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں تاہم ان کا کھیل انتہائی خطرناک (ہائی رسک) ہے، وہ سلوئر گیند کے خلاف بھی مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھیشک شرما کو مکمل بیٹر اس وقت مانوں گا جب وہ معمولی سوئنگ کو بہتر انداز میں کھیل سکیں گے، درست لائن میں آ کر دفاع کر سکیں اور شاٹس مستقل مزاجی سے مڈل کر سکیں، فی الحال معاملہ یہی ہے کہ اگر شاٹ لگ گیا تو لگ گیا، ورنہ نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں