بی سی بی 26

محمد اشرفل بنگلہ دیش کے بیٹنگ کوچ برقرار، 2027 ورلڈ کپ تک توسیع کا امکان

ڈھاکہ (رپورٹنگ آن لائن)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے سابق قومی کپتان محمد اشرفل کے بطور بیٹنگ کوچ کردار کو جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق آغاز میں محمد اشرفل کو صرف آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے معاون عملے کا حصہ بنایا گیا تھا، تاہم بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس ذمہ داری میں آگے بھی کام کرتے رہیں گے۔محمد اشرفل آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے اور توقع ہے کہ ٹورنامنٹ کے بعد انہیں مزید توسیع ملے گی۔ ان کی مدت 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک بڑھائی جا سکتی ہے، بشرطیکہ ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔بی سی بی کے عہدیدار ناظم الحسین نے کہاہے کہ محمد اشرفل ہمارے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے۔

وہ کوچنگ کے ابتدائی دنوں میں ہیں، مگر میں کافی عرصے سے ان کی باتیں سنتا آ رہا ہوں۔ ان میں اچھے کوچ کی خصوصیات موجود ہیں، سیکھنے کا جذبہ ہے، اور وہ واقعی اس کام سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔اسی دوران یہ بھی واضح کیا گیا کہ محمد صلاح الدین سینئر اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔آئرلینڈ سیریز کے بعد ان کا استعفیٰ بورڈ نے قبول نہیں کیا تھا، جس کے بعد سینئر حکام سے ملاقات کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا۔ناظم الحسین نے یہ بھی کہا کہ بی سی بی کوچنگ کے شعبے میں لچکدار پالیسی اپنا رہا ہے۔اب ہماری پالیسی یہ ہے کہ خواہ کوچ غیرملکی ہو یا مقامی، ان کا استعمال مختلف کرداروں میں کیا جائے گا ،

ضرورت اور دستیابی کے مطابق کبھی قومی ٹیم کے ساتھ، کبھی اے ٹیم کے ساتھ، اور کبھی ہائی پرفارمنس یونٹ میں۔بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ فل سمنز 6 دسمبر سے شیرِ بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی20 سکواڈ کا مختصر تربیتی کیمپ شروع کریں گے، جہاں محمد اشرفل اور صلاح الدین دونوں کی موجودگی متوقع ہے۔محمد اشرفل کو 61 ٹیسٹ،177 ایک روزہ اور 23 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں