محسن نقوی 13

محسن نقوی کی اطالوی ہم منصب سے ملاقات، 10500 ورک ویزوں پر اتفاق

روم(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی سے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان داخلی سکیورٹی تعاون، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور لیگل مائیگریشن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قانونی ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کیلئے 10 ہزار 500 ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک لیگل مائیگریشن کے فروغ کے لیے باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

میٹیو پینٹے ڈوسی نے محسن نقوی کے مطالبے پر پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنیٰ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کی اور کہا کہ اس معاملے پر قبل ازیں ہونے والی ملاقات میں بھی بات چیت ہوئی تھی۔ملاقات میں انسداد منشیات، انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا، دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے مؤثر اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا ہے کہ ایئرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی آئی ہے۔

اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستانی وزارت داخلہ کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے خلاف پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت پر بریفنگ دی، جسے اطالوی حکام نے سراہا۔اس موقع پر اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، سینئر پولیس افسران عابد خان اور سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں