اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو علی الصبح مارگلہ روڈ پر زیر تعمیر شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے، انہوں نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے ورک فورس میں اضافہ کرنے کا حکم بھی دیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے مارگلہ روڈ پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی جبکہ علاقے میں موجود تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پراجیکٹ کے 85 گارڈر نصب کیے جا چکے ہیں، پری کاسٹ پلینگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، ریٹیننگ وال اور ریمپ کی تعمیر پر کام جاری ہے، منصوبہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔