اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی 6کا دورہ کیا اور عزاداروں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا،وزیرداخلہ محسن نقوی نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے پوچھا جس پر منتظمین نے سکیورٹی و دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
محسن نقوی نے کہاکہ محرم الحرام کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے، شرپسندوں عناصر پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور سرویلنس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بزدل دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور تمام صوبوں میں ان کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کی منظوری دی جا چکی ہے۔
محسن نقوی نے کہاکہ فوج صوبوں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے موجود رہے گی۔ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ایس ایس پی شعیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔