لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ماضی کی مقبول گلوکارہ طاہرہ سید نے کہا ہے کہ پہلی شادی طلاق پر ختم ہونے کے بعد انہوں نے دوسری شادی نہیں کی، تاہم ان کی نظر میں محبت آنی جانی چیز ہے۔
طاہرہ سید نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی اور بتایا کہ ان کے اور نعیم بخاری کے درمیان خوشگوار انداز میں طلاق ہوئی۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے اور نعیم بخاری کے درمیان ایک دفتر میں ملاقات ہوئی جو محبت میں تبدیل ہوگئی لیکن ساتھ ہی نعیم بخاری نے ان کی والدہ سے بھی اچھے تلعقات بنائے رکھے، جس بنیاد پر ان کی شادی آسانی سے ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ نعیم بخاری اس وقت بھی وکالت کرتے تھے جب کہ انہوں نے بطور گلوکارہ مقبولیت حاصل کرلی تھی۔
گلوکارہ کے مطابق اس وقت سید گھرانے کے لوگ سید گھرانوں میں ہی شادیاں کرواتے تھے، اس لیے نعیم بخاری سے ان کی شادی میں بھی کوئی مشکل حائل نہ ہوئی۔انہون نے نعیم بخاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی والدہ سے اچھے تعلقات بنائے رکھے، جس بنیاد پر ان کی شادی ہوئی جو کئی سال تک چلی۔طاہرہ سید کا کہنا تھا کہ دونوں نے اپنی پسند سے شادی کی اور پھر اپنی ہی مرضی سے خوشگوار انداز میں طلاق کا فیصلہ کیا اور ایک دوسرے سے الگ ہوگئے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی طلاق کا ان کے بچوں پر کوئی اثر نہیں پڑا، بچے شادی کے وقت بھی والد کو گھر میں نہیں دیکھ پاتے تھے، وہ صبح دفتر چلے جاتے اور دیر سے لوٹتے، تب تک بچے سو چکے ہوتے تھے۔گلوکارہ کے مطابق نعیم بخاری ویسے بھی بچوں کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارتے تھے، انہیں بچوں کی پرورش میں زیادہ دلچسپی نہیں تھی، بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری والدہ کی ہوتی ہے۔