لاہور(رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکارجاوید کوڈونے کہا ہے کہ مجھے ” کوڈو” کانام حاجی البیلامرحوم نے دیاتھا اورانہوںنے کہاتھاکہ اسی نام میں برکت پڑے گی ،چھوٹے قدکی وجہ سے زندگی میں بڑی مشکلات آئیں لیکن میں نے ان کا سامناکیااوراللہ تعالیٰ نے مجھے پوری دنیا میں ایک پہچان دی ۔
ایک انٹرویو میں جاوید کوڈو نے کہاکہ میں دنیا میں سب سے زیادہ سفر کرنے والا چھوٹے قدکافنکار ہوں اور میرے 7پاسپورٹس کے صفحات ویزوں کی سٹیمپس سے بھر چکے ہیں۔ جاوید کوڈو نے کہاکہ پہلے لوگ طرح طرح کے جملے کستے تھے لیکن جب مجھے عزت ملی تولوگ مجھے جھک کر ملنے لگے اوریہ سب رب تعالیٰ کی ذات کی مہربانی ہے ۔
جاوید کوڈونے بتایاکہ میری شادی پر اتنے لوگ آئے تھے کہ ایسا لگ رہا تھاکہ ا س روزلاہورمیں صرف میری بارات ہی ہے ،رش زیادہ ہونے کی وجہ سے لوگ مجھے ہاتھوں میں اٹھا کرآگے سے آگے پہنچا رہے تھے اور یہ منظر دیدنی تھا۔ انہوںنے بتایا کہ میں اپنے بچوں کی شادیاںکر چکا ہوں اور اللہ تعالیٰ نے مجھے دادا او رناناکا رتبہ بھی عطا کیا ہے ۔








