علی امین گنڈاپور

مجھے صرف عمران خان کو مطمئن کرنا ہے، علیمہ خان سے متعلق سوال پرگنڈاپور کا جواب

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کرنا ہے کیونکہ مجھے عہدہ انہوں نے دیا ہے اگر وہ مطمئن ہیں مگر کوئی اور نہیں تو میں ذمہ دار نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں گفتگو کے دوران صحافی نے وزیراعلیٰ کے پی سے سوال کیا کہ علیمہ خان سے آمنا سامنا ہوا،کیا گلے شکوے دور ہوئے؟ اس پر علی امین نے کہا کہ کون سے گلے شکوے، میں بانی پی ٹی آئی کو جواب دہ ہوں، وہ میرے لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو مطمئن کرنا ہے، مجھے عہدہ انہوں نے دیا ہے، اگر وہ مطمئن ہیں مگر کوئی اور نہیں ہے تو میں ذمہ دار نہیں، میں نے اور پارلیمانی پارٹی نے درست طریقے سے بانی پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کی ہے۔

علی امین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا مینڈیٹ اور حکومت میرے پاس ان کی امانت ہے، یہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرا رہے تھے، حکومت ختم کرنے کے لیے ایک چال چلی گئی تھی، بجٹ پاس نہ ہوتا تو میں نااہل ہوجاتا، فنانشل ایمرجنسی لگانے کا آئین میں حق ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت نہیں تھی اس حد تک جانا ہے کہ حکومت چلی جائے، عمران خان کا اختیار ہے جب کہیں گے ہم حکومت اڑا دیں گے۔